بھٹکل 4/جنوری(ایس او نیوز) بلاری کے رکن اسمبلی اور بی جے پی لیڈر سوم شیکھر ریڈی کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے کا مطالبہ لے کر اُترکنڑا ضلع کانگریس اقلیتی شعبہ کی طرف سے بھٹکل اسسٹنٹ ایس پی کے نام میمورنڈم پیش کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ متعلقہ رکن اسمبلی نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو پاکستان بھیجنے کی دھمکی دی ہے کانگریس نے ان کے بیان کو اشتعال انگیز بتاتے ہوئے اُن کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے کی مانگ کی اور کہا کہ وہ ملک کے امن و امان کو بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی جےپی کے اکثر لیڈران اسی طرح کے اشتعال انگیز بیانات دے کر پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لہٰذا ایسوں کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہئے۔
خیال رہے کہ سوم شیکھر ریڈی نے شہریت ترمیمی قانون کی حمایت میں احتجاج کرتے ہوئے خطاب کیا تھا جس میں انہوں نے شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کرنے والوں پر سخت تنقید کی تھی اور دھمکی دی تھی کہ اگر اس ملک میں رہنا ہے تو ہم جیسا چاہتے ہیں ویسا کرنا ہوگا اورشہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کو ترک کرنا ہوگا۔ غیرقانونی کان کنی میں ملوث سوم شیکھر ریڈی نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو للکارتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری بات نہ ماننے والے مسلمان پاکستان چلے جائیں ورنہ ہمیں معلوم ہے کہ ان کے ساتھ کیا سلوک کرنا ہے۔
سوم شیکھر ریڈی کے اس اشتعال انگیز بیان کے خلاف بلاری میں بھی سنیچر کو زبردست احتجاج کیا گیا تھا، جس کے بعد پتہ چلا ہے کہ ان کے خلاف بلاری پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔
بھٹکل میں اے ایس پی کی غیر موجودگی میں پی ایس آئی ہنومنتپا کوڈگنٹی نے میمورنڈم وصول کیا۔ اس موقع پر کانگریس اقلیتی شعبہ کی طرف سے ضلعی صدرعبدالمجید شیخ، کے سلیمان اور عبدالروف وغیرہ موجود تھے۔